افغانستان کی سیکیورٹی فورسز نے ملک کے جنوبی علاقے میں آپریشن کے دوران
60 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکہ نے افغان ایئرفورس کی
معاونت کے ضمن میں 9.3 ملین ڈالر کے کنٹریکٹ کی منظوری دے دی ہے۔ افغان
میڈیا کے مطابق کابل میں وزارت دفاع اوروزارت داخلہ کی طرف سے جاری
ہونیوالے بیانات میں کہا گیاہے کہ جنوبی صوبے ارزگان اورزابل میں طالبان
اورداعش کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 60 سے زائد عسکریت
پسند ہلاک ہو چکے ہیں جن میں طالبان اور داعش کے کئی کمانڈر بھی شامل ہیں
جبکہ یہ کارروائیاں ارزگان کے علاقے ترین کوٹ اورملحقہ علاقوں میں کی گئی
جہاں طالبان اور داعش کی قوت میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے۔کارروائیوں
کے دوران بھاری مقدارمیں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا
گیا ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ دفاع کی طرف سے جاری ہونیوالے
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان ایئرفورس کی معاونت کے ضمن میں اے اے
آئی کارپوریشن کو 9.3 ملین ڈالر کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ میری لینڈ میں
قائم یہ فرم افغان ایئرفورس کو لاجسٹک سپورٹ اور تربیتی خدمات فراہم کریگی۔